پاکستان
25 اکتوبر ، 2015

بلدیاتی الیکشن : کشمور ،کندھ کوٹ کے مسا ئل کے حل کی امید

بلدیاتی الیکشن : کشمور ،کندھ کوٹ کے مسا ئل کے حل کی امید

کشمور......31 اکتوبر ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں کشمور اور کندھ کوٹ کے عوام آئندہ منتخب ہونے والے نمائندوں سے اپنے دیرینہ مسا ئل کے حل کی آس لگائے بیٹھے ہیں ۔

ضلعی ہیڈکوارٹر کندھ کوٹ شہر میونسپلٹی کا درجہ رکھتا ہے ۔ 70 ہزار کی آبادی پر مشتمل اس شہر کے مکینوں کی اکثریت ہندو خاندانوں پر مشتمل ہے جو یہاں کے قدیم باسی ہیں ۔ گذشتہ 8 سال سے بلدیاتی ادارے نہ ہونے سے ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی یہاں کے بنیادی مسائل ہیں ۔

شہر کی تین بڑی سڑکوں کی کل لمبائی 5 کلو میٹر کے لگ بھگ ہے ۔ لیکن ضلعی انتظامیہ 8 سالمیں یہ پانچ کلو میٹر سڑکیں بھی نہیں بنا سکی ہے ۔ شہر کے عوام ٹوٹی سڑکوں کی دھول چاٹنے پر مجبور ہیں ۔ اور حد تو یہ ہے کہ جہاں یہ سڑکیں اچھی حالت میں تھیں کرپشن مافیا نے ان کی از سر نو تعمیر کے ٹھیکے جاری کر دیئے ۔ لیکن تا حال نہ تو سڑکیں بن سکی ہیں اور نہ ہی کوئی عوامی منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ سکا ہے ۔

ضلعی انتظامیہ نے نکاسی آب کیلئے نالیوں کی تعمیر کا آغاز کیا ہے لیکن سالوں گذرنے کے بعد نا تو یہ نالیاں بن سکی ہیں ۔ بلکہ استعمال ہونے سے قبل ہی یہ نالیاں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں ۔ اور شہر سے پانی کی نکاسی ناممکن ہو گئی ہے ۔ دوسری جانب ضلعی چیئرمین شپ کے عہدے کے امیدواروں کا دعویٰ ہے کہ وہ آتے ہی شہر کی حالت بدل دینگے ۔

گذشتہ آٹھ سال سے بلدیاتی انتکابات نہ ہونے سے شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی مسائل کے انبار لگ گئے ہیں ۔ مسائل کے ستائے یہاں کے شہری پر امید ہیں کہ بلدیاتی انتخابات سے انکی زندگی کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

مزید خبریں :