23 مئی ، 2012
وزیرآباد … ایک چھوٹا ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث دریائے چناب میں ڈوب گیا جس میں سوار 2فوجی افسران بھی ڈوب گئے۔ پولیس حکام کے مطابق وزیرآباد کے نواحی گاوٴں لویری والا میں دریائے چناب کے مقام پر ایک چھوٹا ہیلی کاپٹر پرواز کررہا تھا کہ اچانک فنی خرابی کے باعث دریا میں جا گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کے وقت انتہائی نچلی سطح پر پرواز کررہا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈوبنے والا ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران دوپہر ساڑھے 11بجے کے قریب اچانک لاپتہ ہوگیا تھا جس کی تلاش میں 2 سے 3 گھنٹے لگے۔ ڈوبنے والے ہیلی کاپٹر کی نشاندہی کیلئے آرمی کی ریسکیو اور غوطہ خور ٹیموں نے سر توڑ کوشش کے بعد ہیلی کاپٹر کے حادثے کے مقام پر کی نشاندہی کی اور ہیلی کاپٹرکے کچھ پارٹس بھی نکال لئے۔ ریسکیو ٹیمیں اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح ڈوبنے والے دونوں سواروں کو نکالا جائے اس کے بعد ہیلی کاپٹر کو پانی سے نکالا جائے گا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کور کمانڈر گوجرانوالہ رحیم شریف بھی موقع پر پہنچ گئے،تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔