29 اکتوبر ، 2015
لاہور.......لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں مبینہ طور پر باپ اور سوتیلی ماں کے تشدد سے جاں بحق ہونے والی چھ سالہ بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی، کم سن علیشباہ کی موت سر پر زخم آنے سے ہوئی۔
رپورٹ میں جسم پر پرانے زخموں کے نشانات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ چھ سالہ معصوم علیشباہ کی اپنے ہی گھر میں المناک موت کا الزام لگا سوتیلی ماں اور حقیقی باپ پر،غم میں ڈوبی،علیشباہ کی حقیقی ماں خدیجہ نے الزام لگایا کہ اس کے سابقہ شوہرخرم اور اس کی دوسری بیوی غانیہ کے بہیمانہ تشدد سے اس کی بیٹی کی موت ہوئی۔
میاں بیوی پر قتل کا مقدمہ درج ہوا ،دونوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ،تاہم پولیس کو بیان دیا کہ علیشباہ گر گئی تھی ،سر پر چوٹ لگنےسے موت ہوئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں علیشباہ کے سر کے زخم کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے،ساتھ ہی جسم پر پرانے زخموں کے نشانات کا بھی انکشاف کیا ہے۔
علیشباہ کی گرنے سے موت ہوئی یا میاں بیوی کے تشدد سے،پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کا معمہ حل ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی ، تاہم کمسن جسم پر زخموں کے پرانے نشانات سوتیلی ماں اور دوسری شادی کرنے والے باپ کے تشدد اور ظالمانہ رویے کا ثبوت ضرور فراہم کرتے ہیں۔