30 اکتوبر ، 2015
کراچی......کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم شکیل عرف بابا کو تہرے قتل کا الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا جبکہ 24سے زائد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم ایوب تابانی کو 90روزکے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔
انسداددہشت گردی کی عدالت میں رینجرز نے اولڈ سٹی ایریا سے گرفتار سیاسی جماعت کے کارکن ایوب تابانی کو پیش کیا۔ رینجرز لاء آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 24سے زائد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین وارداتوں کا الزام ہے۔ مزید تفتیش کے لیے 90روزرہ تحویل دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 90روز کے رینجرزکی تحویل میں دےدیا۔
دوسری جانب انسداددہشت گردی کی عدالت نےتہرے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد نہ ہونے پر بری کردیا،ملزم کو عدالت نے پولیس رپورٹ کی بنیاد پر بری کیا،پولیس رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف قتل سے متعلق کوئی ٹھوس شواہد نہیں مل سکے ،ملزم کو یکم ستمبر کو ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔