01 نومبر ، 2015
تہران ........ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف ہر جار حیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے ایرانی وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے امریکا اور اسرائیلی حکومت کے وزرائے دفاع کے حالیہ بیان کے جواب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی اور اسرائیلی حکومت کی ہر ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری دفاعی حکمت عملی ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے اور تحریک مزاحمت کی حمایت کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے، امریکا اوراسرائیلی حکومت کی مجرمانہ اور جارحانہ ماہیت سے اقوام عالم اچھی طرح واقف ہیں،اور وہ ان دونوں حکومتوں کو جنگ پسند، جارح اور انسانیت کی دشمن سمجھتی ہیں لہذا ضروری نہیں ہے کہ یہ حکومتیں ہر روز اپنی زبان سے اپنی ماہیت بیان کریں۔
ایران کے وزیر دفاع نے غاصب اسرائیلی فوجیوں کے مقابلے میں حزب اللہ اور حماس کی مزاحمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اور حماس کے ساتھ ہی صومالیہ جیسے چھوٹے سے ملک کی قوم نے بھی امریکا، اسرائیلی حکومت اور ان کے اتحادیوں کو شرمناک شکست سے دوچار کیا ہے۔