دنیا
01 نومبر ، 2015

فریقین خانہ جنگی کے خاتمے پر متفق ،بشار الاسد کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہو سکا

فریقین خانہ جنگی کے خاتمے پر متفق ،بشار الاسد کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہو سکا

ویانا....... شامی صدر بشار الاسد کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان شام میں خانہ جنگی ختم کرنے کی از سر نو کوششوں پر اتفاق ہو گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے مذاکرات میں شام کا اہم اتحادی ایران پہلی بار شریک ہوا تھا۔مذاکرات میں شریک ہونے والے مختلف ممالک کے وزرا نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ سے شام میں ایک نیا عمل شروع کرنے کے لیے کہا جائے جس کے تحت جنگی بندی ہو اور نئے انتخابات کرائے جا سکیں۔

تاہم مذاکرات میں صدر بشار الاسد کے مستقبل پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔اس حوالے سے آئندہ مذاکرات دو ہفتوں میں ہوں گے۔دریں اثنا بات چیت سے قبل دمشق کے نواحی علاقے میں شامی حکومت کی جانب سے ہونے والے ایک حملے میں 57 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ادھرروس نے مشرقِ وسطیٰ میں ”پراکسی وار“ یا درپردہ جنگ کے خطرات پر متنبہ کیا ہے۔روس کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے شام میں خصوصی فوجیں روانہ کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ اس صورت حال نے روس اور امریکہ کے درمیان تعاون کی ضرورت میں مزید اضافہ کیا ہے۔

مزید خبریں :