02 نومبر ، 2015
شارجہ...... شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے پر انگلینڈنے اپنی پہلی اننگز میں3 وکٹوں کے نقصان پر135رنز بنالیے، پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے مزید99رنز درکار ہیں۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم نے گذشتہ روز کے اسکور 4رنز بغیر کسی نقصان پر اننگز کا آغاز کیا، کھیل کے پہلے سیشن میں پاکستان کو واحد کامیابی معین علی کی وکٹ کی صورت میں ملی، وہ 14رنزبناکر شعیب ملک کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اس وقت انگلش ٹیم کا اسکور صرف 19رنز تھا۔
کپتان السٹر کک اور این بیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 68رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن قدر مستحکم کی۔
السٹر کک کھانے کے وقفے کےفوری بعد 49رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جو روٹ زیادہ دیر وکٹ پر نہ رہ سکے اور صرف 4رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔
چائے کے وقفے پر این بیل 40اور ٹیلر26رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، راحت علی، یاسر شاہ اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔