03 نومبر ، 2015
واشنگٹن.........اسرائیل کے مختلف مقامات پر چاقو گھونپنے کی وارداتوں کے نتیجے میں 70 سال کے ایک شہری سمیت 4 اسرائیلی زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے ایک فلسطینی کوحملہ آور قرار دیتے ہوئے موقع پر ہی گولی مار کر قتل کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تلقان میں، مغربی کنارے کے ایک 22 سالہ فلسطینی نوجوان نے 70 سالہ اسرائیلی کو چھریاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ اس موقع پر پولیس نے گولی چلا کر اس شخص کو غیر مسلح کیا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ تل ابیب میں ایک فلسطینی کی جانب سے چھریوں کے وار کرکے ایک 80 سالہ خاتون سمیت متعدد لوگوں کو زخمی کرنے کے ٹھیک ایک گھنٹے کے بعد پیش آیا، اسرائیل میں تشدد کی یہ لہر ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے۔
فلسطینیوں کے حملے میں اب تک 7 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثر کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا گیا، جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 69 فلسطینیوں کی جانیں لی جا چکی ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق، ان میں سے 43 فلسطینی حملوں میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق، اس سے قبلتل ابیب سے 10 کلومیٹردور ریشون لیزوئین میں مرکزی بس اڈے کے قریب بھی 3 اسرائیلیوں کو چھریاں مار کر زخمی کیا گیا۔حالیہ تشدد بنیادی طور پر یروشلم کے اطراف میں شروع ہوا جو گزشتہ ہفتے کے دوران الخلیل تک پھیل چکا ہے۔