پاکستان
04 نومبر ، 2015

ٹریفک پولیس کے 88فیصد اہلکاروں کے پاس بھی ڈرائیونگ لائسنس نہیں

ٹریفک پولیس کے 88فیصد اہلکاروں کے پاس بھی ڈرائیونگ لائسنس نہیں

کراچی......افضل ندیم ڈوگر......کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر شہریوں کو گرفتار کرنے کے خوف میں مبتلا کرنے والی ٹریفک پولیس کے 88 فیصد اہلکاروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہیں اورجن 12 فیصد افسران کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہیں وہ بھی سرکاری گاڑی کے اجراء کے لئے مجبوراً بنوائے گئے ہیں۔

کراچی کے ’ ریڈ زون‘ میں کئے جانے والے ایک سروے کے دوران ٹریفک پولیس کے 40 اہلکاروں کے انٹریوز کئے گئے جن میں سے صرفپانچ ٹریفک پولیس افسران کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نکلے جبکہ دیگر اہلکار ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے کے دلچسپ بہانے کرتے رہے۔

کیمرہ سامنے دیکھتے ہی ایک پولیس افسر نے کہا کہ جی ہاں میرے پاس لائسنس ہے مگر جب ان سے دکھانے کا کہا گیاتو لائسنس نہ دکھا سکے۔ ایک اور پولیس اہلکار نے کہا کہ ان کے پاس 1988 سے ڈرائیونگ لائسنس بنا ہوا ہے مگر جب انہیں لائسنس دکھانے کا کہا گیا تو پرس چیک کرتے رہے مگر لائسنس نہیں نکال سکے۔

لائسنس دکھانے کے نام پر ایک پولیس افسر کا پرس دکھاتے ہوئے ہاتھ کانپتا رہا۔ کئی پولیس اہلکار تمام دن موٹر سائیکل پر گھومنے نظر آتے ہیں مگر جب ان سے لائسنس کے بارے میں پوچھا گیا تو60 فیصد اہلکاروں نے کہا کہ ان کے پاس موٹر سائیکل ہی نہیں ہے۔

ڈرائیونگ لائسنس کا پوچھنے والے ایک پولیس اہلکار نے اونچی آواز میں کہا کہ اس کا گلا خراب ہے وہ کچھ بتا نہیں سکتے۔ ڈرائیونگ لائسنس کا پوچھنے پر ایک سیکشن افسر نے وہاں موجود نمائندے کا ہی لائسنس مانگ لیا۔

لائسنس دکھانے پر پولیس افسرنے جیو نیوز کے نمائندے کا لائسنس لے کر ایس ایم ایس کے ذریعے اس کی تصدیق کی اور اصلی ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور چلتے بنے۔

مزید خبریں :