04 نومبر ، 2015
شارجہ....... پاکستان اور انگلستان کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے دن چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 355 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اس طرح انگلستان کو میچ جیتنے کیلئے 284 کا ہدف ملا ہے، جبکہ میچ کا آخری دن باقی ہے۔
ّآج پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 146 رنز پر کیا جبکہ اس کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی نویں سنچری اسکور کی جبکہ نائٹ واچ مین راحت علی، اینڈرسن کی گیند پر صفر پر بولڈ ہوگئے۔ پھر کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر حفیظ نے 93 رنز کی لمبی شراکت کی اور ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی۔
اس موقع پر مصباح 38 رنز بناکر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد حفیظ بھی دیر تک وکٹ پررک نہ سکے اور 151 رنز بناکر معین علی کی گیند پر بیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔تاہم اسد شفیق اور سرفرازاحمد نے 55 رنز کا اضافہ کیا۔
312 کے اسکور پر سرفراز 36 رنز بناکر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستان کی اننگز زیادہ دیر باقی نہ رہ سکی۔ یکے بعد دیگرے آخری تین کھلاڑی یاسر شاہ (4) رنز، اسد (46)، وہاب ریاض (21) رنز پر آئوٹ ہوگئے۔ ذوالفقار بابر صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم جو ایک موقع پر جیتنے کی پوزیشن میں نظر آرہی تھی ، اب یکسر مختلف صورتحال سے دوچار نظر آرہی ہے۔
انگلستان کی طرف سے اسٹیورٹ براڈ نے 3 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلستان کو شکست دی تھی جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ اب انگلستان کو سیریز برابر کرنے کا موقع مل رہا ہے۔