04 نومبر ، 2015
شارجہ...... پاکستان اور انگلستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ نہایت دلچسپ اور فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہوگیا ،انگلستان کو میچ جیتنے کے لئے مزید238رنزبنانےکی ضرورت ہے جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔بظاہر یہ ایک آسان ہدف ہے کیونکہ ابھی میچ کا پُورا ایک دن باقی ہے۔مگراس کا تمام تر انحصارآخری دن وکٹ کے رویّےپر ہوگا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں234 رنز اسکور کئے تو جواب میں انگلستان نے 306رنز بناکر 72رنز کی برتری حاصل کرلی تھی ۔ تاہم دوسری اننگز میںپاکستان نے محمد حفیظ کےشاندار 151رنز کی بدولت 355رنز اسکور کئے اور انگلستان کو میچ جیتنے کے لئے284رنزکا ہدف دیا۔
چوتھے دن کھیل کے اختتامتکانگلستان نے46رنز بنائےمگروہ دو وکٹ کھو چکا تھا۔آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں معین علی17رنزاور ای این بیل صفر شامل ہیں۔ دونوں کو آف اسپنر شعیب ملک نے آؤٹ کیا، جنہوں نے اس میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔
آج پاکستان نے 146رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز شروع کی اورچائے کے وقفے کے بعد پُوری ٹیم 355 پر آؤٹ ہوگئی۔محمد حفیظ نے 151رنزبنائے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی نویں سنچری تھی۔دیگر بیٹسمینوں میں اسد شفیق نے46،مصباح الحق نے38،سرفراز احمد نے36اوراظہر علی نے 34رنز بنائے۔انگلستان کی جانب سے اسٹیوارٹ براڈ نے تین اور جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔