پاکستان
04 نومبر ، 2015

بلقیس ایدھی کے لئے مدرٹریسا ایوارڈ

بلقیس ایدھی کے لئے مدرٹریسا ایوارڈ

کراچی.......فلاحی تنظیم ایدھی فاوٴنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی کو مدرٹریسا میموریل ایوارڈ 2015 دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ممبئی کی ہارمونی فاوٴنڈیشن بورڈ کے چیئرمین اورسماجی کارکن ابراہام متھائی نے بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ بلقیس بانو ایدھی کوانسانیت کے لئے خدمات اورفلاحی کاموں پرمدرٹریسا ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

غلطی سے سرحد پارکرکے پاکستان جانے والی گونگی بہری لڑکی گیتا کی جس طرح بلقیس ایدھی نے دیکھ بھال کی، گیتا کے مذہبی جذبات اوررسوم کا خیال رکھا اوربحفاظت واپس بھارت پہنچایا وہ قابل ستائش ہے۔

ایدھی فاوٴنڈیشن نے تقریباً ایک عشرے تک گیتا کو اپنے پاس رکھا اوراسے ہرطرح کی سہولت فراہم کی۔مدرٹیریسا ایوارڈاس سے قبل ملالہ یوسف زئی اوردلائی لامہ کودیا جا چکا ہے۔ مدر ٹریسا ایوارڈ22نومبر کودیا جائے گا۔

بالی ووڈ کے میگا اسٹارسلمان خان نے گیتا کی عمدہ دیکھ بھال پربلقیس ایدھی اورفیصل ایدھی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ بھارتی چینل این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں سلمان خان نے مذاقاً کہا کہ پاکستان میں گیتا کواتنا پیار ملا اوربلقیس ایدھی نے اپنی بیٹی کی طرح اس کو محبت اوراپنائیت دی، ڈر ہے کہ بھارت میں اس سے ذرا بھی کم ملا تو کہیں گیتا واپس پاکستان نہ چلی جائے۔ بلقیس ایدھی نے بہت اچھے سے گیتا کوسنبھالا اورہرچیز فراہم کی جس کے لئے شکرگزار ہیں۔

مزید خبریں :