04 نومبر ، 2015
مقبوضہ بیت المقدس........اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا ہے کہ وزیردفاع موشے یعلون نے حالیہ دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن کے سامنے دفاعی شعبے میں امداد سے متعلق مطالبات کی ایک نئی فہرست پیش کی ہے جس میں ایف سولہ جنگی طیارے، فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے اور بیلسٹک میزائل مانگے گئے ہیں۔
عبرانی اخبار"یدیعوت احرونوت"کے مطابق امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران مطالبات کی ایک نئی فہرست ان کے سامنے رکھی جن میں ایف 16 جنگی طیارے، فضا میں جنگی اور مسافر طیاروں کو ایندھن سپلائی کرنے والے V22 طرز کے جدید طیارے اور "ایرو 3 " بیلسٹک میزائل شامل ہیں۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موشے یعلون نے امریکا کے دورے کے دوران اپنے امریکی ہم منصب آشٹن کارٹر سے ملاقات کی۔ اور ان سے کہا کہ تل ابیب کو ایران اور دولت اسلامی "داعش" سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس لیے ان خطرات کے تدارک کے لیے اسرائیل کو جدید ترین جنگی طیارے اور میزائلوں کی اشد ضرورت ہے۔