04 نومبر ، 2015
اسلام آباد....... بلدیاتی انتخابات کےپہلے مرحلےمیں بےضابطگیاں، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان برہم ہو گئے،کہا کہ بیلٹ پیپرز میں غلطیوں سے خفت اٹھانا پڑی،آئندہ ایسی کوتاہیاں برداشت نہیں ہوں گی۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آبادمیں ہوا۔ سندھ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی خامیوں اور دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں بے ضابطگیوں پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپرز میں غلطیوں سے خفت کا سامنا کرنا پڑا ، دوسرے مرحلے میں ایسی کوتاہیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خیر پور واقعہ کے بعد دوسرے مرحلے میں سیکیورٹی کو مزید بڑھائیں گے، جہاں خرابی کاخدشہ ہوا، فوج بھی تعینات کی جائےگی تاہم پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ صوبوں کی ڈیمانڈ پر کیا جائے گا۔
اجلاس میں طے کیاگیاکہ ریٹرننگ افسر بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے وقت ایک سے زائد بار بیلٹ پیپرز کو چیک کریں گے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سانگھڑ کی جانب سے فوج تعینات کرنے کی درخواست پر بھی غور کیا گیا ، فیصلہ آئندہ ہفتے کیاجائےگا ۔