04 نومبر ، 2015
قاہرہ........مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ مصر اب بھی جمہوریت کی راہ پر گامزن ہے،خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔
برطانیہ کے سرکاری دورے سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر السیسی کا کہنا تھا کہ مصر کو شدت پسند گروہوں سے خطرہ جبکہ ہمسایہ ممالک کی غیر مستحکم صورت حال پر شدید تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مصر آج بھی 2011 میں شروع ہونے والے انقلاب کے نتیجے میں حاصل والی جمہوریت کی راہ پر گامزن ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مقاصد کے حصول کے لیے ابھی مزید وقت درکار ہے۔ہم مصری عوام کی مرضی کے مطابق عمل کرنا چاہتے ہیں۔
وہ گذشتہ چار سالوں سے تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم ان کی خواہش کا احترام کرنا چاہتے ہیں اور بہتر جمہوری مستقبل کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ممکن ہے کہ اب تک جو کچھ حاصل کیا گیا ہو وہ بہترین نہ ہو لیکن ہم اپنی جستجو جاری رکھیں گے اور مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔