04 نومبر ، 2015
لندن......... برطانوی پولیس نے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ٹاک ٹاک پر سائبر حملوں کے الزام میں ایک اور نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے برطانوی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 16 سالہ نوجوان کو مشرقی برطانیہ کے شہر ناروچ سے گرفتار کیا گیا اور اسے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران نوجوان کے گھر کی بھی تلاشی لی۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے برطانوی پولیس نے گزشتہ ہفتے مغربی لندن سے 16 سالہ نوجوان اور شمالی آئرلینڈ سے ایک 15 سالہ لڑکے کو ٹاک ٹاک پر سائبر حملوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا تاہم انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹاک ٹاک کے 40 لاکھ کے قریب صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کا خدشہ ہے اور یہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران ٹاک ٹاک پر تیسرا سائبر حملہ تھا جن میں صارفین کا ڈیٹا چوری کیا گیا۔
ٹاک ٹاک حکام کے مطابق ابھی تک اس بات کی وضاحت نہیں ہوسکی کہ سائبر حملے میں کتنے صارفین متاثر ہوئے تاہم صارفین کے نام بنک کھاتوں کی تفصیلات اور ایڈریس سے متعلق معلومات کے چوری ہونے کا خدشہ ہے۔