05 نومبر ، 2015
نیویارک........ امریکا کے صدارتی انتخابات کے لیے ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے نامزدگی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ڈونلڈٹرمپ کے بارے میں امریکی شہریوں کی رائے تبدیل ہونا شروع ہوگئی ہے ۔
ڈیموکریٹس امیدوار اور سابق وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کو ٹرمپ پر 8 فیصد کی برتری حاصل ہوگئی ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہیلری کلنٹن کو چار نومبر کو سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اپنے تمام متوقع امیدواروں پر برتری حاصل ہے تجزیہ نگاروں کے مطابق ہیلری کلنٹن کی سست روی کے ساتھ غیرجارحانہ اندازسے اپنی مہم کو جاری رکھنے کی پالیسی کامیاب ثابت ہو رہی ہے۔
جبکہ ڈونلڈٹرمپ، جیب بش اور ان کے دیگر مخالف امیدواروں کی جارحانہ مہم اور تقاریر کو اگرچہ امریکیوں کا ایک مخصوص طبقہ پسند کر رہا ہے۔ مگر امریکیوں کی اکثریت اب جنگوں سے جان چھڑا کر امن کی جانب جانا چاہتی ہے۔ جنگوں کے حوالے سے ری پبلیکن پارٹی کا ریکارڈ اورامیدواروں کا جارحانہ اندازعام امریکی شہریوں کو متنفر کررہا۔
تاہم اصل صورتحال جون 2016 کے بعد واضح ہوگی۔ ایک خیال یہ بھی ہے کہ امریکی اس تاثر کو دور کرنے کے لیے ہیلری کلنٹن کا انتخاب کریں گے کہ دنیا بھر خواتین کے حقوق کی بات کرنے والے امریکا نے آج تک کسی خاتون کو صدر منتخب نہیں کیا لہذا اس بات کا قومی امکان ہے کہ امریکہ کی سابق خاتون اول دنیا کی واحد سپر پاور کی صدر کے طور پر وائٹ ہائوس میں داخل ہونے میں کامیاب ہوجائیں گی۔