05 نومبر ، 2015
نیورک....... اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یمن میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے رواں ماہ یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان امن مذاکرات کا نیا دور ہوگا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی سفیر نے امریکا میں یمنی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امید ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ امن مذاکرات بحال ہوجائیں گے۔
انھوں نے کہاکہ حوثی باغی اس سے پہلے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اپنے زیر قبضہ علاقوں کو خالی کرنے کو تیار نہیں تھے تاہم اب وہ اپنے اس مطالبے سے دستبردار ہونے پرآمادہ ہوگئے ہیں اور وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں سے انخلاءکے لیے بات چیت کو تیار ہیں۔
یمنی سفیر خالدالایمنی نے کہا ہے کہ ان امن مذاکرات کے ایجنڈے کو اسی ہفتے حتمی شکل دی جانی چاہیے اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی آئندہ ہفتے نیویارک جائیں گے جہاں وہ ان امن مذاکرات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔یمنی سفیر کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں حوثی باغیوں کے دارالحکومت صنعاءاور دوسرے علاقوں سے بتدریج انخلاء پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ہمارے پاس یہی ایک قابل عمل تصویر ہے اور یہ ایک اچھی تصویر ہے۔