دنیا
05 نومبر ، 2015

سعودی عرب میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے تباہی

سعودی عرب میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے تباہی

ریاض ........سعودی عرب کے تین شہروں حایل ،قصیم اور مدینہ منورہ میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار جبکہ شمال مشرقی کمشنری حفر الباطن میں موسلادھار بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

کئی دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ۔ سڑکیں اورگلیاں تالاب و ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستانی سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں موسلادھار بارش کے باعثسیلابی صورتحال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ قریات میں بھی بارش سیلابی رخ اختیار کرگئی ہے۔دو افراد کے اموات کے علاوہ 27مکانات اور 17گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

56افراد کو جو گاڑیوں سمیت سیلاب میں پھنس گئے تھے انہیں ریسکیو کرلیا گیا۔ 36شہریوں کے لیے رہائش کا عارضی بندوبست کیا گیا۔ پورے علاقے میں محکمہ شہری دفاع اور میونسپلٹی کے ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔کمشنر عبدالمحسن العطیشان نے متاثرہ محلوں اور سڑکوں کا دورہ کیا۔

دوسری جانب شمالی حدود ریجن اور الجوف میں آندھی نے دن ہی میں رات کا سماں پیدا کر دیا۔ 60کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جازان سے بھی اسی طرح کی رپورٹ ملی ہے۔

دریں اثناء محکمہ موسمیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک مملکت کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں خصوصاً اور دیگر علاقوں میں عموماً موسم غیر مستحکم رہے گا۔مدینہ منورہ ریجن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :