پاکستان
24 مئی ، 2012

حافظ سعید ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں، پاکستان کو شواہد دیدیئے، آر کے سنگھ

حافظ سعید ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں، پاکستان کو شواہد دیدیئے، آر کے سنگھ

اسلام آباد … پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری داخلہ سطح کے دو روزہ مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے ہیں،بھارت نے حافظ سعید کو ممبئی حملوں کا ماسٹر مائند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف شواہد پاکستان کو فراہم کر دیئے ہیں جبکہ پاکستان نے اسے عدالتی معاملہ قرار دیا ہے۔ پاک بھارت سیکریٹری داخلہ سطح کے مذاکرات کے ایجنڈے میں ویزا پالیسی میں نرمی، قیدیوں کا تبادلہ، اسمگلنگ، دہشت گردی اور ممبئی حملوں پر پیشرفت جیسے امور شامل تھے، تاہم مذاکرات شروع ہونے سے قبل ہی بھارتی سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں ممبئی حملوں کی پاکستانی تحقیقات پر عدم اطمینان ظاہر کردیا۔مذاکرات کے دوران دہشت گردی، قیدیوں کے تبادلے اور ویزا پالیسی پر الگ الگ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئے جنہوں نے اپنی سفارشات پر کام شروع کردیا، میڈیا سے بات چیت کے دوران جب سوال ہوا ممبئی حملوں سے متعلق تو بھارتی وفد کے سربراہ نے کھل کر کہہ دیا کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں، ان کے خلاف ثبوت پاکستان کو فراہم کر دیئے، امید ہے پاکستان حافظ سعید کے خلاف شواہد کی روشنی میں کارروائی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس اور ممبئی حملوں کو ایک تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئے۔ دوسری جانب پاکستانی سیکریٹری داخلہ نے ممبئی حملوں کو عدالتی معاملہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ کھلے ذہن سے بات چیت کررہے ہیں۔ مذاکرات میں بھارت کی جانب سے سربجیت سنگھ کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ بات چیت جمعہ کو بھی جاری رہے گی جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں :