08 نومبر ، 2015
کراچی...... کراچی میں پتنگ کی ڈور نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے ساتویں جماعت کا طالب علم اپنی جان گنوا بیٹھا۔
12 سالہ محب الحسن کو کیا پتا تھا کہ آج اسکول سے چھٹی کا دن ہی اسکی زندگی کا آخری دن ہوگا۔۔ اور ایک معمولی پتنگ کی ڈوری اسکی جان لینے کا سبب بن جائے گی۔
اتوار کے روز عام تعطیل کے دن محب الحسن گھر سے اپنے کزن کے ہمراہ کلاس فیلو سے کاپی لینے نکلا تھا۔ مگر لیاقت آباد انڈر پاس کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی پتنگ کی ڈور نے اسکی گردن کاٹ ڈالی ۔
محب الحسن کا جنازہ جب گھر پہنچا تو کسی کو یقین نہیں آرہا تھا کہ ایک ہنستا مسکراتا خوش مزاج لڑکا چند لمحوں میںجدا ہو جائے گا ۔محب الحسن کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی خطرناک اور جان لیوا ڈور بنانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔