13 نومبر ، 2015
لاہور .....پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے 4سے5 روز بعد تک 5 ہزار پولیس اہلکار علاقے میں تعینات رہینگے ۔ پنجاب میں ایک لاکھ 2ہزارجبکہ سندھ میں 51 ہزار پولیس اہلکارپولنگ اسٹیشنز پرڈیوٹی دیں گے۔
پنجاب کے 12 اضلاع کے پولنگ سٹیشنز پر ایک لاکھ 2ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے ، آئی جی پولیس پنجاب نے الیکشن کمیشن کورپورٹ پیش کردی ۔
پنجاب کےپولنگ اسٹیشنز کوحساسیت کےاعتبار سے 3 کیٹیگریزمیں تقسیم کیاگیاہے ، انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کو اے پلس، حساس ترین کو اے کیٹیگری جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کو بی کیٹیگری میں رکھاگیاہے ۔
ذرائع کے مطابق انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر12 ، حساس ترین پر 9 جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔
آئی جی پولیس کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں امن وامان کےزیادہ مسائل پولنگ مکمل ہونےکےبعد جیت کےجشن ، ووٹوں کی گنتی اورنتائج کےمراحل کےدوران پیش آئے ،اس لیے پولنگ کاعمل مکمل ہونےکےبعد بھی 5 ہزارپولیس اہلکار 4سے 5 روز تک علاقے میں تعینات رہیں گے ۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلےمیں 15 اضلاع میں51 ہزار پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کاکہنا ہےکہ سندھ میں پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کی صورت حال آئے روز بدل رہی ہے، اس لیے سیکورٹی انتظامات سے متعلق حتمی فیصلہ ایک دورروز میں کیاجائےگا۔