14 نومبر ، 2015
واشنگٹن …امریکا کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پیرس کے دہشت گرد حملے صرف فرانس کے شہریوں پر ہی نہیں بلکہ یہ پوری انسانیت اور مشترکہ عالمی روایات پر حملہ ہیں۔
وائٹ ہاوس سے جاری اپنے پیغام میں صدر براک اوباما نے کہا کہ ہم فرانس کے عوام اور دنیا بھر کی اقوام کے ساتھ مل کر ان دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے جو بھی بن پڑا کریں گے اور ہر اس دہشت گرد نیٹ ورک کا پیچھا کریں گے جو ہمارے لوگوں کے خلاف ہے۔
صدر اوباما نے فرانس کی حکومت اور عوام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ فرانس امریکہ کا دیرینہ اتحادی ہے اور اس کے عوام ہمیشہ امریکیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
صدر براک اوباما کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ایک دل دکھانے والی صورتحال ہے اور امریکہ اسے بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ ہم ایسی صورتحال سے گزر چکے ہیں۔