25 مئی ، 2012
حج کرپشن کیس، حامد سعید کاظمی کی بریت کی درخواست مسترد
راولپنڈی… حج کرپشن کیس میں ملوث سابق وفاقی وزیر حامدسعید کاظمی کی بریت درخواست کو ٹرائل کورٹ نے مسترد کردیا ہے حج کیس میں ایف آئی اے کے پاس گرفتار حامدسعیدکاظمی نے دفعہ 265 کے، کے تحت بریت درخواست دائر کی تھی،مقدمہ کی سماعت راول پنڈی کے اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں ہوئی، اس کی گزشتہ سماعت میں فریق استغاثہ نے بھی عدالت کو بتایاتھا کہ حامدسعیدکاظمی کیخلاف کرپشن میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے تاہم وہ غفلت کے مرتکب ضرور پائے گئے ، عدالت نے تین روز قبل اسکی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ، عدالت نے آج اس پر مختصر حکم جاری کرتے ہوئے بریت کی درخواست کو قبل ازوقت قرار دے کر مسترد کردیا ، عدالت نے حکم میں مزید لکھا ہے کہ ابھی اس کیس میں فردجرم عائد ہوئی نہ ہی گواہ پیش ہوئے ہیں، عدالت نے مقدمہ کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے یہ حکم بھی سنایا کہ اس روز ملزموں پر فردجرم عائد کی جائے گی۔