25 مئی ، 2012
اسلام آباد… پاک بھارت سیکریٹری داخلہ مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔ گذشتہ روز ہونیو الے اجلاس میں پاکستان اور بھارت نے مختلف شعبوں میں آزاد ویزا پالیسی پر اتفاق کیا ہے۔ پاک بھارت سیکرٹری داخلہ مذاکرات کے ایجنڈے میں ویزا پالیسی میں نرمی،قیدیوں کے تبادلے، کراس بارڈراسمگلنگ ،دہشت گردی اورممبئی حملوں پرپیش رفت جیسے امورشامل ہیں۔ کل ہونیو الے مذاکرات میں مختلف شعبوں کے لئے الگ الگ ورکنگ گروپس بھی تشکیل دئے گئے جنہوں نے اپنی سفارشات پر کام شروع کردیا ہے۔ پاکستانی ہم منصب کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کے دوران بھارتی وفد کے سربراہ نے ایک بار پھر حافظ سعید کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاتھا۔ تاہم جب ممبئی حملوں کا بار بار ذکر کرنے والے آر کے سنگھ سے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کاکہناتھاکہ دونوں واقعات کو ایک ہی تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئے، واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مذاکرات میں بھارت کی جانب سے سربجیت سنگھ کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔۔بات چیت آج بھی جاری رہے گی جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔