17 نومبر ، 2015
واشنگٹن........آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی سی آئی اے کے سربراہ سے ملاقات کی، جان برینن نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اورخطےکی سیکیورٹی میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
آرمی چیف آج پنٹاگون میں امریکا کی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کرینگے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےاپنے پانچ روزہ دورے کے دوران لینگلے میں امریکی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دو گھنٹے جاری رہنےوالی اس ملاقات میں انٹیلی جنس امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ڈائریکٹرسی آئی اے جان برینن نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔
آرمی چیف نےجان برینن سے خطےکےچیلنجوں اورآیندہ کےلائحہ عمل پربھی بات کی،آئی ایس پی آر کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سےخطےکی سیکیورٹی میں مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی خطےمیں مستقل استحکام پرزوردیتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان جاری امن عمل کے دوبارہ آغاز کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔