پاکستان
17 نومبر ، 2015

ضلع جام شورو میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مہم عروج پر پہنچ گئی

ضلع جام شورو میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مہم عروج پر پہنچ گئی

جام شورو ........سندھ کے ضلع جام شورو میں مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔امیدوار کہیں کارنر میٹنگز کر رہے ہیں تو کہیں گھر گھر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ضلع جام شورو تعلقہ کوٹری،تھانہ بولا خان،سیہون شریف اور مانجھنڈ کے علاقوں پر مشتمل ہے ۔ڈسٹرکٹ کو دو میونسپل کمیٹیوں،چھ ٹاون کمیٹیوں اور30یونین کونسلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔مرد ووٹرز کی تعداد دو لاکھ تیرہ ہزار سات سو بیالیس ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ ستتر ہزار آٹھ سو چھہتر ۔ کل ووٹرز تین لاکھ اکیانوے ہزار چھ سو اٹھارہ ہیں۔

ضلع میں پولنگ اسٹیشن نو سو پینتیس بنائے گئے ہیں،96 انتہائی حساس ،187حساس جبکہ 67 پولنگ اسٹیشنز نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔ضلع کی سیاست پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر کا راج ہے یہی وجہ ہے کہ کئی حلقو ں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب بھی ہوچکے ہیں اور ڈسٹرکٹ چئیر مین کی نشست کے لئے پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ،مسلم لیگ ن کے ملک چنگیز خان کاآبائی حلقہ بھی ڈسٹرکٹ جام شورو ہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ فنکشنل،مسلم لیگ ن ،تحریک انصاف ،پیپلزپارٹی شہید بھٹو بھی میدان میں ہیں۔

تحصیل سیہون شریف میں آزاد امیدوار بھی سرگرم ہیں جو گھر گھر جاکر ووٹرز کو انکے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ جام شورو میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار کہیں کارنر میٹنگز کر رہے ہیں ریلیاں نکالی جارہی ہیں تو کہیں گھر گھر رابطوں کے زریعے ووٹرز کو آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ۔

مزید خبریں :