پاکستان
17 نومبر ، 2015

بولان:جعفر ایکسپریس ریلوے ٹریک سے اتر گئی، چار جاں بحق

 بولان:جعفر ایکسپریس  ریلوے ٹریک سے اتر گئی، چار جاں بحق

بولان .. ..ضلع بولان کےعلاقے آب گم میں کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس ریلوے ٹریک سے اتر گئی ،حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک سو سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ بولان کےعلاقے مچھ کے قریب آب گم کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ انجن کے بریک فیل ہونے کے بعد اوورشوٹ ہونے کے باعث پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق انجن سمیت ٹرین کی نو بوگیاں پٹڑی سے اتر کر قریب کھائی میں گر گئیں جس کے باعث ٹرین کا ڈرائیور، اس کا اسسٹنٹ اور انجن میں موجود دو ریلوے پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹرین کے سو سے زائد مسافر زخمی ہوگئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کے بعد ریلوے کی ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینسوں کےعلاوہ لیویز اور ایف سی اہلکار حادثہ کی جگہ پہنچ گئے،اور ریسکیو کا کام شروع کردیاگیا جبکہ زخمیوں کو مچھ اور کوئٹہ منتقل کیاجارہاہے جہاں تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکےاضافی ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کرلیاگیاہے۔

مزید خبریں :