18 نومبر ، 2015
کراچی …افضل ندیم ڈوگر…وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کے خلاف کراچی میں چھاپوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتارکرکے 90 پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سیل کے عملے نے کراچی میں انسانی اسمگلرز کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر پاکستانی اور غیر ملکی 90 پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان سے برآمد دستاویزات اور پاسپورٹس کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی چھاپے مارے جائیں گے۔