دنیا
20 نومبر ، 2015

امریکا میں پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ نہیں،ایف بی آئی

امریکا میں پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ نہیں،ایف بی آئی

واشنگٹن ..........امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے کہا ہے کہ امریکی سرزمین پر پیرس طرز کے کسی حملے کا کوئی قابل اعتبارامکان نہیں۔

جرمن خبررساں ادارے کے مطابق جیمز کومے اور اٹارنی جنرل لوریٹا لینچ نے جمعرات کو امریکا میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دی ہے۔انھوں نے بتایا کہ امریکی حکام فرانس میں اپنے ہم منصوبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور امریکا میں پیدا ہونے والے کسی بھی خطرے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم یہاں پیرس طرز کے کسی حملے کے کسی قابل اعتبار خطرے سے آگاہ نہیں ہیں۔ہمیں پیرس میں حملہ کرنے والوں اور امریکا کے درمیان کوئی تعلق نہیں ملا ہے۔ ہم نے اس سال کے دوران داعش سے متاثر ہوکر اس طرح کی کارروائی کرنے کے خواہاں متعدد افراد کو روکا ہے۔

جیمز کومے کا کہنا تھا کہ ہم نے پیرس حملوں کے بعد دہشت گردی کی تفتیش کی سطح کو بلند کردیا ہے اور ان کی ایجنسی کسی تقلیدی حملوں کے خطرے کا موجب بننے والے درجنوں افراد کا پیچھا کررہی ہے۔امریکا کی سراغرسانی کی صلاحیتوں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم مکمل تو نہیں لیکن بہتر ضرور ہیں۔

انھوں نے امریکیوں پر زوردیا ہے کہ وہ کسی بھی خطرے کو اپنے ارد گرد کے بارے میں صحت مند آگاہی میں تبدیل کردیں اور گردوپیش میں رونما ہونے والے کسی بھی غیر معمولی واقعے کے بارے میں قانون نافذ کرنے والوں اداروں کو فوری اطلاع دیں۔

مزید خبریں :