21 نومبر ، 2015
بارسلونا…شفقت علی رضا …ا سپین کی تاریخ میں پہلی بار قومی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے’ امیگرانٹس دوست سیاسی پارٹی آئی سی وی ‘(گرین پارٹی ) نے پاکستانی نوجوان راجہ بابر ناصر کو ایم این اے کا الیکشن لڑنے کے لئے منتخب کیا ہے۔
ا سپین کی قومی اسمبلی کے رواں سال 20 دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں امیگرانٹس دوست سیاسی پارٹی آئی سی وی پارٹی (گرین پارٹی ) این کوموں پودیم نامی اتحاد کے تحت میدان میں اترے گی۔ اتحاد میں گرین پارٹی کے علاوہ پودیموس، اس کیرا اونیدا، بارسلونا این کوموں اور ایقونامی پارٹیاں شامل ہیں۔
ا سپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیا میں ایم این اے کی کل 31 نشستیں ہیں، جن میں سے اتحادی کوٹے کے حساب سے آئی سی وی کے حصے میں 7 سیٹیں آئی ہیں، جن پر وہ اپنے امیدوار کھڑے کر سکے گی ۔اسپین کی تاریخ میں پہلی بار آئی سی وی (گرین پارٹی )نے پاکستانی نوجوان راجہ بابر ناصرکوان کی ایمانداری ، پارٹی خدمات ،فلاح و بہبود کے کاموں اور پارٹی سے وفاداری پر ایم این اے کا الیکشن لڑنے کے لئے نامزد کیا ہے جو پاکستانی برادری کے لئے قابل فخر اور خوش آئند ہے ۔
آئی سی وی ( گرین پارٹی )کے دیگر 6 امیدواروں میں پارٹی کی شریک چیئرپرسن دولورس کاماتس، پارٹی سیکرٹری جنرل جوزیف ویندریل، کمیشن اوبریرا کی آئینا ویدال، پرات یوبریگات کی ڈپٹی میئر، پیلار اسلاوا، پارٹی یوتھ ونگ کی آنا روویرا، ویسینس دے کاستیعیت کے کونسلر ، جوان باپتیستا کوستا شامل ہیں۔
راجہ بابر ناصر کو ایم این اے کا ٹکٹ ملنے پر پارٹی کے پاکستانی ممبران چوہدری مظہر وڑائچانوالہ ، سفیان یونس ، مرزا ندیم بیگ ، عدیل وڑائچ ،عبدالصبور ،ڈاکٹر ہما جمشید ، طاہر فاروق وڑائچ ، پرویز اختر جانی ، چوہدری عبدالغفار مرہانہ ،سعد مختار تارڑ اور دیگر نے انہیں مبارک باد دی ہے ۔