25 مئی ، 2012
پشاور … اسامہ بن لادن کے حوالے سے امریکا کیلئے جاسوسی کے جرم کے سزایافتہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سینٹرل جیل پشاور منتقلی پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پشاور میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر شکیل کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے 20 کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جیل سے باہر اور اندر ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں میں جیل پولیس اور ضلعی پولیس اہلکار شامل ہیں، جیل کے اندر پولیس کی 2 موبائل گاڑیاں اور باہر بھی 2 موبائل گاڑیاں 24 گھنٹے موجود ہیں۔ دوسری جانب سینٹرل جیل پشاور کو جدید اسلحہ بھی فراہم کردیا گیا ہے اس سے قبل سینٹرل جیل پشاور کے عملے کی تعداد بھی 600 تھی۔ جبکہ انتظامیہ نے پشاور جیل کی سیکیورٹی بڑھانے سے متعلق کچھ کہنے سے انکار کردیا ہے۔