21 نومبر ، 2015
باماکو......مالی کے دار الحکومت باماکو میں امریکی ہوٹل پر حملے میں ایک امریکی شہری اور بیلجیم کے سفیر سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے ۔ مالی کے صدر نے ملک میں تین روزہ سوگ اور دس دن کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کردیاہے ۔
اقوام متحدہ اور امریکا نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ مالی کے دارالحکومت باماکو کے مشہور ریڈیسن بُلو ہوٹل سے 100 سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
مالی کے صدر ابراہیم ابوبکر کے مطابق حملے میں انیس افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک امریکی شہری کے علاوہ بیلجیم کے سفیر بھی شامل ہیں ، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو دہشت بھی مارے گئے۔
حملے کے بعد امریکا نے مالی میں اپنے شہریوں کو نقل وحرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وائٹ ہاوس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مالی کو تحقیقات میں مدد کی پیش کش کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مالی کی حکومت اور متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
حملوں کی ذمہ داری انتہا پسند تنظیم ’’المُرابطون‘‘ نے قبول کی ہے ۔