21 نومبر ، 2015
فرینکفرٹ.......جرمن حکام نے الجزائر سے تعلق رکھنے والے ایک پناہ گزین کو پیرس پر ہونے والے حملوں کی پہلے سے معلومات سے آگاہی کے جرم میں حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
مشتبہ ملزم نےجرمنی کے مغربی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر آرنسبرگ میں واقع پناہ گزینوں کے کیمپ میں موجود شامی مہاجرین کو حملوں سے پہلے ایک گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ پیرس میں ایک بم دھماکا ہونے والا ہے۔
وفاقی دفتر استغاثہ کے ترجمان نے بتایا کہ’’ہم نے ملزم سے تفتیش شروع کر دی ہےمشتبہ شخص پر الزام ہے کہ اسے مبینہ طور پر پیرس حملوں کی تفصیلات پہلے سے معلوم تھیں لیکن اس نے سیکورٹی حکام کو مطلع نہیں کیا۔
ترجمان کا کہنا ہےمزید تفتیش کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے کہ الزامات حقیقی ہیں یا نہیں۔