25 مئی ، 2012
اسلام آباد … سیکریٹری برائے وزارت مذہبی امور محمد اعظم نے کہا ہے کہ اس سال فریضہ حج کیلئے آنے والے تمام پاکستانیوں کو میٹرو ریل کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ان کا کہنا تھاکہ ہماری کوشش ہے کہ عازمین کو اولڈ منیٰ میں خیمے ملیں۔ یہ بات سیکریٹری مذہبی امور نے مکہ مکرمہ میں موسسلہ جنوب ایشیاء کے چیئرمین عدنان کاتب سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور ،پاکستان حج مشن اور موسسلہ جنوب ایشیاء کے درمیان کمپیوٹرز کے ذریعے رابطے کو مزید توسیع دی جارہی ہے۔ وفاقی سیکریٹری نے اس موقع پر حج پالیسی 2012ء کے اہم نکات سے بھی چیئرمین موسسلہ کو آگاہ کیا۔