25 مئی ، 2012
لندن … برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی کی سی آئی اے کیلئے کی جانے والی خفیہ کارروائیوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم کو شدید نقصان پہنچایا ہے، عدالتیں اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں، شکیل آفریدی کو ملنے والی سزا کی مذمت نہیں کرسکتا۔ لندن میں ایک نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے واجد شمس الحسن کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کو ملنے والی سزا کی مذمت نہیں کرسکتا کیونکہ یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ عدالتیں اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں تاہم شکیل آفریدی کو فیصلے کے خلاف اپیل کاحق بہرحال حاصل ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے واجد شمس الحسن کا کہنا تھا کہ امریکا میں بھی جاسوسی کرنے والوں کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں۔