26 مئی ، 2012
دمشق ... شام میں فورسز کی گولا باری اور جھڑپوں میں70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب میں پہلی مرتبہ ٹینک تعینات کردیئے گئے ہیں۔شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی تنظیمSyrian Observatory for Human Rights نے ایک بیان میں کہا کہ شامی فورسز حمص صوبے کے علاقے حولا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم حکومت مخالف جنگجووٴں کی طرف سے انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ بیان کے مطابق حولا پر شدید گولا باری کی جارہی ہے اور اب تک کم از کم 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مرنے والوں میں تیرہ بچے بھی شامل ہیں۔ شام کے دیگر علاقوں میں بھی جھڑپوں کے دوران 20 سے زائد افراد مارے گئے جن میں چار پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ بشار الاسد کی حکومت کے خلاف 14 ماہ سے جاری تحریک کے دوران پہلی مرتبہ ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب میں ٹینک تعینات کردیئے گئے ہیں۔