26 مئی ، 2012
لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے جمشیدروڈ پرواقع دکان پر دہشت گردوں کی تخریبی کارروائی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے دستی بم سے حملے میں زخمی ہونے والے افرادکی جلدصحتیابی کی دعاکے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہارکیاہے۔ ایم کیو ایم کے اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردعناصر شہرمیں کاروباری حضرات اوردکانداروں سے کھلے عام بھتے طلب کررہے ہیں اور بھتے دینے سے انکارپرکاروباری مراکزاوردکانوں پرفائرنگ اور دستی بموں سے حملے کررہے ہیں لیکن پولیس ورینجرز ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے اورشہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کررہی ہے۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ جمشیدروڈپردکان پردستی بم سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں کوفی الفور گرفتارکیاجائے، شہریوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کو جان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی جمشیدروڈ پر دستی بم حملہ کرکے متعددافرادکو زخمی کرنے کی سخت ترین الفا ظ میں مذمت کی ہے۔