پاکستان
26 مئی ، 2012

کراچی:دستی بم حملے کا ایک زخمی چل بسا

کراچی:دستی بم حملے کا ایک زخمی چل بسا

کراچی… کراچی میں جمشید روڈ پر واقع ہوٹل پر دستی بم کے حملے میں 4 ملازمین سمیت 11 افراد زخمی ہوئے،جن میں سے دوران علاج ایک زخمی سول اسپتال میں چل بسا۔ دہشت گردوں نے رات گئے جمشید روڈ پر واقع اس ہوٹل کو نشانہ بنایا جس کی لذیذ مچھلی لوگوں میں مشہور ہے۔ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ بم پھٹنے سے گیارہ افراد زخمی ہوئے جن میں ہوٹل پر کام کرنے والے چار ملازمین بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اس جگہ حملہ کیا جہاں گاہک موجود تھے۔ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو جناح اور سول اسپتال لے جایا گیا ، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 3 کو زیادہ زخم آئے اور دوران علاج ایک زخمی چل بسا۔ ایس ڈی پی او جمشید کوارٹر قیصر علی شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملزموں کی تعداد دو تھی۔ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں اور تفتیش کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے مالک سے گذشتہ ماہ 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا اور رقم نہ دینے پر ملزموں نے ہوٹل کو نشانہ بنایا۔ تاہم پولیس اور ہوٹل انتظامیہ نے بھتہ طلب کئے جانے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

مزید خبریں :