30 نومبر ، 2015
سڈنی ......مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا میں بھی مسلمانوں کو 3 گنا زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
آسٹریلیا میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے حوالے سے، حال ہی میں ہوئے ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آسٹریلیا کی کل آبادی کے 2 فیصد مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور مذہبی عدم رواداری غیر مسلموں کے مقابلے میں تقریباً 3گنا زیادہ ہے۔
ویسٹرن سڈنی ، چارلس سٹرٹ یونیورسٹیوں اور اسلامک سائنسز اینڈ ریسرچ اکیڈمی کی جانب سے کیے گئے سروے میں 6 سو افراد سے بات کی گئی،جس میں 60 فیصد افراد نے کہا کہ انہیں ’اسلاموفوبیا‘ کی کسی نہ کسی قسم کا سامنا رہا ہے۔
85 فیصد کا خیال تھا کہ آسٹریلیا میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے تعلقات دوستانہ ہیں،تاہم سروے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امتیازی سلوک کے باوجود زیادہ تر مسلمانوں کا خیال ہے کہ ان کا مذہب آسٹریلوی معاشرے سے مطابقت رکھتا ہے۔