03 دسمبر ، 2015
واشنگٹن........امریکا کے فارن پالیسی میگزین نے سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو اس سال کے سب سے نمایاں فیصلہ سازوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق فارن پالیسی میگزین نے سعودی شہزادے کو نمایاں فیصلہ سازوں کی فہرست میں شامل کیا ہے اور لکھا ہے کہ ان کے عہدے سے مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب کا نیا کردار متعیّن ہوا ہے۔انھیں بعض سعودی ان کی عمر کی وجہ سے ملک کی نوجوان اکثریت کا نمائندہ بھی قرار دے رہے ہیں۔
اس فہرست میں شامل نو دیگر عالمی شخصیات میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل بھی شامل ہیں۔خارجہ پالیسی میگزین نے جرمن چانسلر کو یورپی یونین کے رکن ممالک میں مزید مہاجرین کی آمد کی راہ ہموار کرنے کا کریڈٹ دیا ہے۔
اس فہرست میں یونان کے سابق وزیرخزانہ یانس ویرو فاکس کا نام بھی شامل ہے۔انھوں نے یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے غیرملکی قرض دہندہ اداروں کی سخت شرائط کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔