04 دسمبر ، 2015
اسلام آباد ......سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کے معاونین کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا خصوصی عدالت کا فیصلہ سابق جج جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے اسلام آباد ہائیکورٹ چیلنج کردیا ہے ۔
درخواست میں سنگین غداری کیس کے حوالے سے خصوصی عدالت کا 27نومبر کا فیصلہ بھی چیلنج کیا گیا ہے ،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے معاونین کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ ،سابق صدر پرویز مشرف اور خصوصی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔آج ایف آئی اے کی ٹیم کو سنگین غداری کیس کی تفتیش کا ریکارڈ دے دیاگیاہے۔
ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے واجدضیا کی سربراہی میں کمیٹی نے سنگین غداری کیس کی تحقیقات شروع کردی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی کمیٹی میں ڈائریکٹرز مقصودالحسن ، ڈاکٹرعثمان اور عبدالقادر شامل ہیں ۔
ایف آئی اے ٹیم پرویز مشرف ، عبدالحمیدڈوگر ، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اورسابق وزیر قانون زاہد حامد کے بیانات بھی لے گی، سنگین غداری کیس کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت نے کیس کی ازسرنو تفتیش کا حکم دیا تھا۔