04 دسمبر ، 2015
اسلام آباد .....بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے پولنگ کل ہو گی ، انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں پنجاب میں بدنظمی کئی مقامات دیکھنے میں آئی۔
ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پولنگ سامان ،سیکیورٹی کے بغیر رکشوں اور موٹر سائيکلوں پر پہنچایاگیا،ایک طرف راولپنڈی میں پولنگ عملہ ، پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے لیے گاڑیوں کا منتظر ہے ،تو دوسری جانب رحیم یار خان میں پولنگ عملے کو پہنچانے کے لیے انتظامیہ فلاحی اسپتال کی ایمبولینسوں پر قبضے کر رہی ہے۔
پولیس اہلکاروں نے عملے سمیت دونوں ایمبولینس ماڈل ہائی اسکول صادق آباد منتقل کردی ہیں،یہی نہیں بلکہ انتخابات کیلئے اِدھر اُدھر سے گاڑیوں کی پکڑدھکڑ کا سلسلہ جار ی ہے۔
ملتان میں پولنگ سامان رکشوں اور موٹرسائیکلوں پر پہنچایا گیا،سامان کی تقسیم کے دوران سیکیورٹی کے بھی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے ، خصوصا ڈیرہ غازی خان میں پولنگ عملے نے سارا سامان سیکیورٹی کے بغیر پولنگ اسٹیشنوں کو منتقل کیا۔