دنیا
04 دسمبر ، 2015

چنائی میں سیلاب :مودی کی جعلی تصویر جاری کر نے پر تنقید

چنائی میں سیلاب :مودی کی جعلی تصویر جاری کر نے پر تنقید

نئی دہلی........بھارت کے سرکاری ادارے پریس انفارمیشن بیورو کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی چنّئی میں سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے جعلی تصویر جاری کر نے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیورو کی جانب سے پہلے بھارتی وزیر اعظم کی جہاز کی کھڑکی سے باہر جھانکتی ہوئی تصویر ری ٹویٹ کی گئی تھی جس میں کھڑکی میں سیلاب میں ڈوبی عمارتوں اور کھیتوں کو دیکھا جا سکتا تھا تاہم چند گھنٹوں بعد ہی وہی تصویر دوبارہ ٹویٹ کی گئی، لیکن اس بار سیلابی صورت حال کے واضح مناظر جہاز کی کھڑکی کی جگہ پر چسپاں کر دیے گئے تھے۔

دوسری ٹویٹ کو اگرچہ بعد میں ہٹا دیا گیا تاہم اس دوران نہ صرف وہ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر گردش کر چکی تھی بلکہ اس کا مذاق بھی بن چکا تھا۔پی آئی بی کی جانب سے اس معاملے پر اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔

وزیراعظم مودی ایک روزقبل سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنّئی پہنچے تھے۔کچھ علاقوں میں اب بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے تاہم امدادی کارروائیاں بھی بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔

مزید خبریں :