04 دسمبر ، 2015
لاہور.......پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے دھرنے کی ناکامی سےحکومت کے تکبراور کرپشن میں اضافہ ہوا، شریف خاندان کی بے لگام سرمایہ کاری کی مخالفت کرنا پڑے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے کراچی شہدا ہال میں پیپلز پارٹی کے 48 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ دھرنے سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر کامیاب ہوگیا تو ملک کی بد قسمتی ہوگی، ناکام رہا توحکومت کے تکبراور کرپشن میں اضافہ ہوگا اور وہی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو اپنی جدوجہد کا حصہ بناکر پیپلز پارٹی کو جلا بخش سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ بھٹو کا عدالتی قتل سپریم کورٹ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے ۔تقریب سے احسان وائیں، ملک سعید حسن، میاں عبدالستار نجم، خرم لطیف کھوسہ اور افتخار شاہد نے بھی خطاب کیا ۔