04 دسمبر ، 2015
اسلام آباد........یورپی یونین کا کہنا ہے کہ یونان سے پاکستان آنے والے 50 تارکین وطن کے نام اور پاسپورٹ نمبر پاکستانی سفارت خانوں نے دیے تھے ، شناختی کارڈ نمبر کی شرط پاکستان کے ساتھ معاہدے کا حصہ نہیں۔
اسلام آباد میں یورپی یونین کے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 دسمبر کو یونان سے50 غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کو اسلام آباد لانے والی پرواز کو اترنے کی اجازت پاکستانی حکام نے دی تھی، ان میں سے صرف 19 کو اترنے کی اجازت دی گئی ۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کو یونان، بلغاریہ اور آسٹریا سے بے دخل کیے گئے 61 پاکستانیوں کی فہرست فراہم کی گئی تھی، ان کی شناخت متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں نے کی اور سفری دستاویزات فراہم کیں۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارت داخلہ نے شناختی کارڈ نمبر کی شرط رکھ دی جو پاکستان اور یورپی یونین میں ری ایڈمیشن معاہدے کا حصہ ہے اور نہ ہی ایسی معلومات تک یورپی ممالک کو رسائی حاصل ہے۔