پاکستان
05 دسمبر ، 2015

کراچی : متعدد علاقوں میں کشیدگی، تصادم،پولنگ جاری

کراچی : متعدد علاقوں میں کشیدگی، تصادم،پولنگ جاری

کراچی......کراچی میں ایک دہائی بعد سجا ہے بلدیاتی انتخابات کا دنگل،اس دنگل میں کہیں سیاسی جماعتوں میں’’تو تو میں میں‘‘ ہے تو کہیں ،ایک دوسرے کے انتخابی کیمپوں میں اکھاڑ پچھاڑ۔

شہر میں صبح سویرے پولنگ کا عمل معمول کے مطابق شروع ہوا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ سیاسی ماحول میں گرما گرمی آتی گئی اور بعض علاقوں میں کشیدگی اور تصادم دیکھنے میں آیا۔

لانڈھی بلدیہ اسکول کے قریب دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھڑپ ہوئی، بابرمارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نےسیاسی جماعت کاانتخابی کیمپ اکھاڑ دیا جبکہ دو موٹر سائیکلیں بھی نذر آتش کردی گئیں۔

گلستان جوہر انکم ٹیکس بلڈنگ میں خواتین ووٹرز کی جانب سےڈبل ووٹ ڈالنے پر خواتین پریزائڈنگ آفیسرز میں جھگڑا ہوا۔

اورنگی ٹاؤن یوسی27 الحمد اسکول میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا،خواتین اور مردوں نےپولنگ اسٹیشن کے باہر جعلی ٹھپے لگنے پر مظاہرہ کیا۔

لیاری یوسی 9 پولنگ اسٹیشن 13میں سیاسی جماعت کی خواتین ووٹرز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی،بڑی تعداد میں خواتین کی پولنگ اسٹیشن میں موجودگی پرمخالف جماعت نے جھگڑا کیا،رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

گورنمنٹ ڈگری کالج میٹروول میں جعلی ووٹ ڈالنے پرووٹرز نے مظاہرہ کیا،یوسی 29 میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی، پیپلز پارٹی کے امیدواروں نےن لیگ کے امیدوارو ں پر دھاندلی کا الزام لگا دیا،پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیےہوائی فائرنگ کی گئی،اسی دوران ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جس سےعملے اور ووٹرز میں شدید خوف ہراس پھیل گیا، پولیس نے ن لیگ کے امیدوار کو حراست میں لے لیا۔

کراچی کے علاقے کیماڑی میں یوسی 43میں کہیں پولنگ شروع ہوگئی ہے تو کہیں تاخیر کا شکار ہے،گلشن حدید یو سی 23 میں خواتین اورمردوں کیلئے ایک ہی پولنگ بوتھ قائم کردیا گیا۔خواتین،مردوں کو ایک ہی لائن میں کھڑا کیا جارہا ہے،کئی خواتین واپس چلی گئیں۔

رینجرز نے سولجر بازار سے جعلی پریذائیڈنگ افسر سمیت3افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار افراد نے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کیلئےجعلی کارڈ بنارکھے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں اشرف عباس،محمد حسن،شاہ زمان شامل ہیں، جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

گلشن اقبال کی یوسی 29 میں پی پی کے امیدواروں نے ن لیگ کے امیدواروں پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہےجس کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کی بڑِی تعداد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔

لائنز ایریایوسی 9 کے پولنگ اسٹیشن 8 پر رینجرز نے چھاپا مارا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپا جعلی بیلٹ پیپرز ملنے کی اطلاع پر مارا گیا۔

بلدیاتی الیکشن کے دوران محمود آباد اور اطراف کی آبادی کی بجلی بند ہوگئی، بجلی کی بندش سے کئی پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عمل میں دشواری پیش آرہی ہے۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے الیکشن کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 سی میں خواتین کے بوتھ پر پولنگ شروع نہیں ہوئی،ایجنٹ، عملہ اور بیلٹ پیپر پہنچا دیئے گئے، خاتون پریزائیڈنگ افسر نہیں آئی۔ جناح کالونی میں پولنگ شروع نہ ہونے پر شہریوں نے احتجاج کیا،خواتین نے ہنگامہ آرائی کی، رینجرز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔یوسی 27 اورنگی کی مشتعل خواتین نے دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی۔

یوسی 9 منگھوپیر میں علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ رینجرز کی سیکورٹی موجود نہیں، ناصر اسکول کے پولینگ اسٹیشن میں صرف ایک پولیس اہلکار تعینات ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار کے حامی علاقے میں ریلی کی شکل میں گھوم رہے ہیں۔ ووٹرز نے شکایت کی ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے کر جانے والوں کوئی نہیں روک رہا۔

مزید خبریں :