05 دسمبر ، 2015
کراچی......کراچی میں ایکشن سے بھرپور بلدیاتی الیکشن جاری ہیں۔کہیں تکرارتو کہیں ماردھاڑہوئی۔
لانڈھی میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکن آمنے سامنےآگئے۔دو موٹر سائیکلوں کو آگ لگادی گئی،رینجرز کی اضافی نفری طلب کرنا پڑی۔
لانڈھی ہی کے علاقے 5نمبر میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد مشتعل افراد نے کچرا جلا کر روڈ بند کر دیا، کشیدہ صورت حال کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
کیماڑی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا جس کے دوران ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی گئی، رینجرز نے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو لاٹھی چارج کرکے منتشر کردیا۔سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا بوگس ووٹنگ پر ہوا۔
کورنگی،ملیر اور لیاری سمیت کئی علاقے میدان جنگ بن گئے، جہاں صورتحال کشیدہ ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے رینجرز نے لاٹھی چارج بھی کیا۔
اورنگی ٹاؤن یوسی 25 مسلم ملت اسکول پر کشیدگی کے بعد پریذائیڈنگ افسرنےپولنگ روک دی ۔ پولیس اور رینجرز کی نفری کو طلب کرلیا گیا۔
اورنگی کی یوسی28میں ووٹرز کا جھگڑا ہوا جس کےدوران دوافراد زخمی ہوگئے۔سولجر بازار سے جعلی پریذائیڈنگ افسر سمیت3افراد کو گرفتارکرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
لیاقت آباد میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کیماڑی میں بوگس ووٹ ڈالنےکے الزام میں ایک شخص گرفتار ہوا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے رپورٹ مانگ لی ہے اور کشیدہ صورتحال پر فوری قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔
شاہ فیصل کالونی یو سی 13 میں نامعلوم افراد نے پتھراؤ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔ لیاری میں بھی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرکے حالات پر قابو پالیا۔ اورنگی ٹاؤن میں بھی ہنگامہ آرائی کے دوران سیاسی جماعت کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔
میٹروول یوسی4 ابراہیم علی بھائی اسکول پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔جعلی ووٹ ڈالنے والے شخص سے پولیس تفتیش جاری ہے۔
ملیر میں کئی پولنگ اسٹیشنز پرایسے بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں جن میں سے سیل کھولے بغیر بھی بیلٹ پیپر نکالا جاسکتا ہے۔
ملیریوسی 1 میں بوگس ووٹنگ کی اطلاعپر پولیس نے پولنگ اسٹیشن پر چھاپا مارا، پولیس نے آر او نےجعلی ووٹنگ کی اطلاع دی ہے، پولیس نے غیر متعلقہ افراد کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔
بلدیہ ٹاؤن رشید آبادیوسی 33پولنگ اسٹیشن6پررینجرزکاچھاپہ،3افرادکوحراست میں لےلیاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 3افراد پولنگ اسٹیشن کے اندر غیر متعلقہ سرگرمی میں ملوث تھے۔
کراچی کے علاقے تیموریہ کی یوسی 23 کے پولنگ اسٹیشن انجمن محمدی گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں بدنظمی کے بعد رینجرز اہلکار موقع پرپہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔