08 دسمبر ، 2015
کراچی .......بے مثال اداکاری سے کئی برس تک پاکستانی فلم انڈسٹری پر راج کرنیوالی خوبرو اداکارہ رانی کے مداح آج ان کی 69 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
8 دسمبر 1946 کو لاہور میں پیدا ہونے والی رانی کا اصل نام ناصرہ تھا جنہیں ہدایت کار انور کمال پاشا نے رانی کے نام سے اپنی فلم محبوب میں متعارف کرایا، فلم تو کامیاب نہیں ہوئی مگر اس کے بعد رانی پر فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے۔
1967 میں ہدایت کار حسن طارق کی فلم ‘دیور بھابی’ کی کامیابی کے بعد رانی کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔ 1970 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘انجمن’ نے انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ بنادیا۔
رانی نے اپنے فلمی کیریئرمیں مجموعی طور168 فلموں میں کام کیا جن میں 103 فلمیں اردو میں اور 65 فلمیں پنجابی زبان میں بنائی گئی تھیں۔
1980 کی دہائی میں رانی نے پاکستان ٹیلی وژن کی کئی ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کیا جن میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔
اداکاری کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے والی رانی اپنی نجی زندگی میں زیادہ سکھ نہیں دیکھ پائیں، انہوں نے 3 شادیاں کیں اور تینوں ہی ناکام ہوئیں۔
رانی 1993 میں 46 برس کی عمر میں کینسر سے لڑتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملیں لیکن وہ آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہیں۔