09 دسمبر ، 2015
کوئٹہ........وادی کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی،جس سے وادی کو گھیرے پہاڑوں نے برف کی ہلکی چادر اوڑھ لی ہے۔
وادی کوئٹہ میں بارش کاسلسلہ تو گزشتہ رات گئے شروع ہوا،لیکن ہلکی بارش کا سلسلہ صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا،جس کےبعد آج صبح تقریباً آٹھ بجے اچانک ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے تقریباً دس بجے تک جاری رہا،اس دوران آسمان سے زمین پر گرتے برف کے گولوں نے ایک سماں باندھ دیا۔
ہلکی برف باری سے شہر میں تو سڑکوں پر برف کی تہہ نہیں جمی تاہم وادی کےاردگرد پہاڑوں نے ہلکی برف کی چادر ضرور اوڑھ لی،بعد میں بادل چھٹ گئے اور برف باری کا سلسلہ بھی تھم گیا لیکن مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے۔ بارش اور برف باری کے بعد کوئٹہ میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جس میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے جمعہ کی صبح کےدوران کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر مزید برف باری کا امکان ہے۔